قصور میں پیرا فورس کی مبینہ زیادتی پر پھل فروش گاڑی کے آگے بیٹھ گیا
پیرا فورس نے کنڈا ضبط کرلیا، جو 10 کلو آم لے کر واپس کیا، مسجد میں جا کر قرآنِ پاک پر ہاتھ رکھ کر قسم کھانے کے لیے تیار ہوں، اگر میں جھوٹا ہوں تو مجھے گولی مار دو؛ متاثرہ پھل فروش کا مؤقف

قصور(قدرت روزنامہ)صوبہ پنجاب کے شہر قصور میں پیرا فورس کے اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر 10 کلو آم رشوت لینے کے بعد پھل فروش کا ضبط شدہ کنڈا یعنی ترازو واپس کیا گیا، اس ظلم کے خلاف نوجوان پھل فروش پیرا فورس کی گاڑی کے آگے بیٹھ گیا اور شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ نوجوان پھل فروش نے کہا کہ پیرا فورس کے اہلکاروں نے اس کی ریڑھی سے وزن کرنے والا کنڈا (ترازو) ضبط کر لیا تھا اور اسے واپس کرنے کے بدلے 10 کلو آموں کا تقاضا کیا، جب اس نے مجبوری میں 10 کلو آم اہلکاروں کے حوالے کیے، تب جا کر اسے اس کا کنڈا واپس ملا۔
نوجوان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہلکار خود پہلے ہماری ریڑھیاں لگوا کر جاتے ہیں اور پھر بعد میں ہمیں ہی تنگ کرتے ہیں، میں مسجد میں جا کر قرآنِ پاک پر ہاتھ رکھ کر قسم کھانے کے لیے تیار ہوں کہ یہ لوگ ہم غریبوں سے ریڑھی لگانے کے پیسے لیتے ہیں، اعلیٰ حکام خود چل کر آئیں اور موقع پر جا کر دیکھ لیں، اگر میں جھوٹ بول رہا ہوں یا زیادتی کر رہا ہوں تو مجھے یہیں فائر مار دو۔
