جماعت اسلامی MQM جیسے بینرز لگا رہی ہے، سعید غنی

کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ کے وزیرِ اطلاعات سعید غنی کا کہنا ہے کہ فی الحال مظاہرین پر طاقت کے استعمال کا کوئی ارادہ نہیں ہے، جماعت اسلامی ایم کیوایم کی خلا پُر کرنےکی کوشش کررہی ہے، یہ وہی بینرز لگا رہی ہے جو ایم کیو ایم لگایا کرتی تھی۔صوبائی وزیر سعید غنی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اپنا موقف پیش کرنےکی صحیح جگہ اسمبلی ہے، یہ تاثر کہ ہم نے بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات میں کمی کردی ہے غلط ہے، بہتری کی گنجائش ہرقانون میں ہوتی ہے۔
سعید غنی کاکہنا تھا کہ سیاسی فوائد کیلئے ہر جماعت کو ئی نہ کوئی اقدام کرتی ہیں، جماعت اسلامی جس طرح کےاقدامات کررہی ہے امید نہیں تھی، یہ ایم کیوایم کی طرح کے بینرز لگا رہی ہے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی بھی سیاسی بات چیت کے عمل سے گریز نہیں کیا، ناصر حسین شاہ کے کچھ جماعتوں سے رابطے بھی ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ سندھ اسمبلی کے باہر جماعت اسلامی کا دھرناساتویں روز بھی جاری ہے اور بلدیاتی قانون کے خلاف مختلف اسکولوں کے طلبا نے بھی دھرنے میں شرکت کی ہے۔