وزیراعظم نے مذاکرات کی دعوت دی لیکن حکومت سے بات چیت میں کوئی پیشرفت نہيں ہوئی، بیرسٹر گوہر

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملاقات والے دن بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کسی کو ملنے کی اجازت نہیں دی گئی، وزیراعظم نے مذاکرات کی دعوت دی لیکن حکومت سے بات چیت میں کوئی پیشرفت نہيں ہوئی۔
پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اڈيالہ جیل کے باہر میڈيا سے گفتگو میں کہا کہ 36 ہفتے گزر گئے ، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہوئی ، اس سے تشویش بڑھتی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان سے ملاقاتیں ہوں گی تو پتا چلے گا کہ ان کا مائنڈ سیٹ کیا ہے ، فیملی کی طرف سے مطالبہ ہے کہ تینوں بہنوں کی ملاقات ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اسمبلی فلور پر مذاکرات کی دعوت دی لیکن حکومت سے مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہيں ہوئی ، ایک جانب ہمارے لوگوں کو سزائیں دی جارہی ہیں اور دوسری طرف مذاکرات کی بات ہو رہی ہے۔
اس کے علاوہ سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پی ٹی آئی میں انتشار کی کیفیت عمران خان سے ملاقات نہ ہونے کی وجہ سے ہے ، ہم چاہتے ہیں بانی سے ملاقات ہو اور ان کی ہدایات آئیں ، عمران خان کی ہدایات نہ آنے اور ملاقات نہ ہونے سے لیڈرشپ دباؤ میں ہے۔
