ٹک ٹاکر علی حیدر آبادی کا ولاگ ریکارڈنگ کے دوران اہلیہ کو طلاق دینے کا بھیانک اقدام
یہ مجھے مروانے کی دھمکیاں دے رہا ہے، مریم نواز اس درندے سے مجھے بچائیں؛ اہلیہ کی روتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے مدد کی اپیل

لاہور(قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا پر ویوز اور فین فالونگ کے حصول کے لیے اخلاقیات کا جنازہ نکالنے کا ایک اور انتہائی شرمناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں معروف ٹک ٹاکر علی حیدر آبادی نے مبینہ طور پر اپنے ایک ولاگ کی ریکارڈنگ کے دوران اپنی اہلیہ کو لائیو طلاق دے دی اور باقاعدہ اس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر دی، واقعے کے بعد ان کی اہلیہ نے شدید خوف کے عالم میں روتے ہوئے وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز سے تحفظ کی اپیل کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا اور سنا جا سکتا ہے کہ علی حیدر آبادی ولاگ ریکارڈنگ کے دوران انتہائی سنگدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اہلیہ کو مخاطب کرتے ہیں، وہ ویڈیو میں کہتے ہیں “میں تمہیں طلاق دیتا ہوں، میں تمہیں طلاق دیتا ہوں، بھائیوں کے سامنے تمہیں طلاق دی ہے، آج کے بعد میرے سامنے نہیں آؤ گی”، اس لائیو واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر آتے ہی صارفین میں شدید غصے کی لہر دوڑ گئی۔
جب کہ اس واقعے کے فوراً بعد علی حیدر آبادی کی اہلیہ کا ایک ویڈیو بیان بھی سامنے آیا، جس میں وہ رو رہی ہیں، انہوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے دہائی دی کہ “میری وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل ہے کہ اس درندے سے مجھے بچایا جائے، مجھے تحفظ دیا جائے، میری جان کو شدید خطرہ ہے”۔
خاتون نے الزام عائد کیا کہ علی حیدر آبادی نے انہیں طلاق دینے کے ساتھ ساتھ سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی ہیں، اس حوالے سے خاتون نے کہا کہ “اس نے مجھے بہت زیادہ دھمکیاں دی ہیں اور کہا ہے کہ میرے پاس لاکھوں کی فین فالونگ ہے اور انتہائی بااثر لوگوں کے ساتھ میرے تعلقات ہیں، میں تمہیں جان سے مروادوں گا”۔
