کوئٹہ خون، خوف اور بے یقینی کی کیفیت سے گزر رہا ہے، شہریوں کی جان و مال محفوظ نہیں:ہاشم نورزئی کی شہادت اور ہنہ اوڑک میں مسلح گروہوں کی موجودگی حکومتی رٹ ختم ہونے کا ثبوت ہے ، جمعیت علماء اسلام

حکومت محض بیانات اور نمائشی سرگرمیوں کے بجائے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کرے، جے یو آئی رہنماؤں کا مشترکہ بیان


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، عبدالصمد حقیار، مفتی محمد ابوبکر، ڈیجیٹل میڈیا کوآرڈینیٹر عبدالباری شہزاد، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی اور حاجی عطا محمد شمشوزئی اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی بدامنی، دہشت گردی، خصوصاً ہزارگنجی، سریاب، قمبرانی اور دیگر علاقوں میں ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتیں، شاہراہوں پر عدم تحفظ اور حکومتی رٹ کا تقریباً ختم ہو جانا انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اور صوبہ اس وقت خون، خوف اور بے یقینی کی کیفیت سے گزر رہا ہے، جہاں شہریوں کی جان، مال اور عزت محفوظ نہیں رہی۔
رہنماؤں نے کہا کہ کوئٹہ کے ریڈ زون میں ممتاز تاجر ہاشم خان نورزئی کی دن دہاڑے شہادت اور ہنہ اوڑک کے پہاڑوں میں مسلح گروہوں کی موجودگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ امن و امان کی صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے، جبکہ حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے محض بیانات، نمائشی سرگرمیوں اور تصویری مہم تک محدود دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلند دیواروں اور سخت سکیورٹی حصار میں رہ کر امن کے دعوے کرنا ان خاندانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے جنہوں نے دہشت گردی اور بدامنی کے باعث اپنے پیاروں کو کھویا یا معاشی تباہی کا سامنا کیا۔
انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر فوری، مؤثر اور نتیجہ خیز اقدامات کیے جائیں، ریاستی رٹ کو ہر قیمت پر بحال کیا جائے، عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے، شاہراہوں، تجارتی مراکز اور شہری علاقوں کو محفوظ بنایا جائے اور بلوچستان کے عوام کو خوف، عدم تحفظ اور مسلسل خونریزی کی فضا سے نجات دلانے کے لیے ٹھوس اور عملی حکمتِ عملی اختیار کی جائے، کیونکہ عوام اب دعوؤں اور یقین دہانیوں کے بجائے امن، انصاف اور مؤثر حکمرانی کے عملی ثمرات دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر صورت حال کا جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ جائزہ لے رہی ہے اور عوام کے خلاف کسی قسم کی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

WhatsApp
Get Alert