خاران: ڈی آئی جی رخشان رینج کے کامیاب مذاکرات، انجمن تاجران نے شٹر ڈاؤن ہڑتال ختم کر دی
چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، ڈی آئی جی عبدالحئی بلوچ کی یقین دہانی تاجروں کا تحفظ یقینی بنائیں گے، عوام جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس سے تعاون کریں، ڈی آئی جی کی گفتگو پر تاجروں کا اظہارِ اطمینان

خاران (رپورٹ: محمد عیسیٰ محمد حسنی / ڈیلی قدرت) ڈی آئی جی پولیس رخشان رینج عبدالحئی بلوچ نے انجمن تاجران خاران کے شاہوانی چوک میں جاری دھرنے میں پہنچ کر تاجر رہنماؤں سے کامیاب مذاکرات کیے، جس کے بعد تاجروں نے اپنی غیر معینہ مدت کی شٹر ڈاؤن ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
اس موقع پر انجمن تاجران خاران کے صدر شیخ منیر احمد اور دیگر عہدیداروں سمیت تاجروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شیخ منیر احمد نے تاجروں کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ تاجر اور کاروباری حضرات آئے روز چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں سے شدید متاثر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تاجروں نے غیر معینہ مدت کی شٹر ڈاؤن ہڑتال شوق سے نہیں بلکہ مجبوری کے تحت کی تھی۔ شہر میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے سے عوام اور تاجروں کی جان و مال عدم تحفظ کا شکار ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان وارداتوں میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار نہیں کیا گیا تو خاران کے تمام تاجر سخت گیر احتجاج کرتے ہوئے پولیس تھانے کے سامنے دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے۔
اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس رخشان رینج عبدالحئی بلوچ نے تاجروں کے تحفظات بغور سنے اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پولیس کی اولین کوشش ہوگی کہ جلد از جلد چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ پولیس فورس خاران کو امن کا گہوارہ بنانے اور عوام و تاجروں کی حفاظت کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کے لیے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ معاشرے سے جرائم کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
