میرے بچے نماز پڑھیں گے، دیوالی اور کرسمس بھی منائیں گے، سیف علی خان، انہیں وہی سکھاتا ہوں جو مجھے میری ماں نے سکھایا تھا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)”میں اپنے بیٹوں تیمور اور جہانگیر کے ساتھ مذہب کے بارے میں کھل کر بات کرتا ہوں۔ میں خود بہت زیادہ مذہبی نہیں ہوں، لیکن میری والدہ نے مجھے یہ سکھایا تھا کہ خدا ایک ہے، اور میں نے یہی سبق اپنے بچوں کو بھی دیا ہے۔ میری خواہش ہے کہ وہ اپنی مذہبی روایات پر بھی عمل کریں، دوسرے مذاہب کا احترام بھی کریں اور مختلف تہواروں کی خوشیوں میں بھی شریک ہوں۔”
بالی وڈ کے نواب سیف علی خان نے اپنی گھریلو زندگی اور بچوں کی مذہبی تربیت سے متعلق ایک دلچسپ پہلو بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹوں تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان کی ایسی پرورش کرنا چاہتے ہیں جس میں اپنے عقیدے کے ساتھ ساتھ دوسرے مذاہب کے احترام کی بھی تعلیم شامل ہو۔
لندن میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سیف علی خان نے بتایا کہ اگرچہ وہ خود کو بہت زیادہ مذہبی شخص نہیں سمجھتے، تاہم ان کی والدہ نے انہیں بچپن سے یہ سبق دیا تھا کہ خدا ایک ہے، اور یہی سوچ وہ اپنے دونوں بیٹوں میں بھی منتقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سیف نے اپنی تعلیمی زندگی کا ایک دلچسپ واقعہ بھی سنایا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایسے تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم رہے جہاں مختلف مذاہب کی روایات اور تہواروں کو یکساں اہمیت دی جاتی تھی۔ روزانہ کی سرگرمیوں کا آغاز چرچ میں عبادت سے ہوتا تھا۔ ایک مرتبہ انہوں نے یہ کہہ کر اس عبادت سے بچنے کی کوشش کی کہ ان کا مذہب مختلف ہے، مگر انتظامیہ نے ان کے لیے الگ سے ایک مولوی صاحب کا انتظام کر دیا، یوں ان کی یہ کوشش کامیاب نہ ہو سکی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچے اپنی مذہبی ذمہ داریاں بھی نبھائیں، نماز بھی ادا کریں، مختلف مذاہب کی عبادتی تقریبات کو بھی سمجھیں اور دیوالی کے ساتھ ساتھ کرسمس جیسے تہواروں کی خوشیوں میں بھی شریک ہوں تاکہ ان میں برداشت، احترام اور ہم آہنگی کا جذبہ پروان چڑھے۔
واضح رہے کہ سیف علی خان کی ازدواجی زندگی بھی مختلف مذہبی پس منظر رکھنے والی شخصیات سے جڑی رہی ہے۔ انہوں نے 2012 میں اداکارہ کرینہ کپور سے شادی کی، جن سے ان کے دو بیٹے تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان ہیں۔
اس سے قبل 1991 میں سیف علی خان نے اداکارہ امریتا سنگھ سے شادی کی تھی، جو عمر میں ان سے 13 برس بڑی تھیں۔ اس شادی سے ان کے ہاں دو بچے، سارہ علی خان اور ابراہیم علی خان، پیدا ہوئے، تاہم دونوں کے درمیان 2004 میں علیحدگی ہوگئی۔
