گورنر پنجاب سوئمنگ چیمپئن شپ 2026ء؛ 12 سال سے کم عمر کیٹیگری میں زیان علی خان بہترین تیراک قرار


لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان میں سوئمنگ کے ابھرتے ہوئے نوجوان اور انتہائی باصلاحیت ستارے زیان علی خان نے پہلی گورنر پنجاب سوئمنگ چیمپئن شپ 2026ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈر 12 کیٹیگری میں ‘بہترین تیراک’ کا اعزاز اپنے نام کرلیا، انہوں نے چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر 3 سونے اور 2 چاندی کے تمغے جیت کر میدان مار لیا۔
تفصیلات کے مطابق اینکرپرسن منصور علی خان کے بیٹے زیان علی خان نے اپنی روایتی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈر 12 کیٹیگری کے تین اہم ترین مقابلوں میں سونے کے تمغے جیتے، انہوں نے 50 میٹر بیک اسٹروک میں پہلی پوزیشن حاصل کی، 100 میٹر بیک اسٹروک کے مقابلے میں بھی سونے کا تمغہ جیتا، 100 میٹر فری اسٹائل ایونٹ میں شاندار اسپیڈ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسرا گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
بتایا گیا ہے کہ سونے کے تمغوں کے علاوہ زیان علی خان نے دو انتہائی مشکل اور طویل مقابلوں میں چاندی کے تمغے بھی حاصل کیے، انہوں نے 200 میٹر فری اسٹائل کے سخت مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کی، 200 میٹر انڈیویجول میڈلے جس میں سوئمنگ کے تمام اسٹائلز شامل ہوتے ہیں اس میں بھی چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا، یہ پہلی بار نہیں ہے کہ زیان علی خان نے سوئمنگ پول میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہو، وہ اس سے قبل انڈر 10 کیٹیگری میں 50 میٹر بیک اسٹروک کے قومی ریکارڈ ہولڈر بھی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert