ستھرا پنجاب کے ورکر نے خودکشی کی، ایک بزرگ کے پاس کفن کیلئے پیسے نہیں تھے لیکن مریم اورنگزیب متکبرانہ انداز میں کہتی کہ جہازخریدا ہے
یاد رکھیں وقت بدلنے میں دیر نہیں لگتی، پی ٹی آئی نے جو حالات ایک ہزار دنوں سے دیکھے اگر وہ دن ن لیگ پر آئے تو یہ 3 دن میں ملک سے باہر چلے جائیں گے۔ وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان کی تنقید

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے کہا ہےکہ ستھرا پنجاب کے ورکر نے خودکشی کی، ایک بزرگ کے پاس کفن کیلئے پیسے نہیں تھے لیکن مریم اورنگزیب متکبرانہ انداز میں کہتی کہ جہازخریدا ہے۔ انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ٹیوشن سنٹر کا دلخراش واقعہ پیش آیا، بالکل سیاست نہیں کرنی چاہیئے، اگر یہ واقعہ خیبرپختونخواہ میں ہوتا تو بالکل وہاں کی حکومت ذمہ دار ہوتی، اگر پنجاب میں ہوا ہے تو حکومت ذمہ دار ہے، اتھارٹیز اور ٹی ایم اے ہوتے ہیں ان کو چیک رکھنا چاہیئے، یہ بات درست ہے کہ گھر کے اندر چیک رکھنا مشکل ہے، لیکن کمرشل جگہوں پر جس طرح چیزیں ہورہی ہیں وہاں چیک ہونا چاہیے، ہماری ہمدردیاں لواحقین کے ساتھ ہیں۔
خیبرپختونخواہ میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہماری تیاریاں مکمل ہیں۔ نظر رکھنا حکومت کا کام ہے، ستھرا پنجاب کے ایک ورکر نے خودکشی کی،خودکشی اس لئے کی کہ ان کو تنخواہ نہیں دی جارہی ، کنٹریکٹ 40ہزار روپے کا تھا جبکہ سب کنٹریکٹ 20ہزار ہے، اسی طرح پنجاب میں ایک بزرگ کے پاس بیٹے کے کفن کیلئے پیسے نہیں تھے۔ دوسری جانب آپ مریم اورنگزیب کی تقریر دیکھ لیں، بڑے متکبرانہ انداز میں ڈھٹائی سے کہتی ہیں کہ جہازخریدا ہے، جہاز عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے خریدا ہے، لگتا ان کو پتا ہے کہ یہ عوام کے ووٹوں سے آئے نہیں ، عوام کیلئے ہم جوابدہ نہیں ہے۔
ان کی تقریر پر پھر قہقے لگے، عوام کے زخموں پر نمک چھڑکا گیا۔ آپ عوام کے لیے جوابدہ ہیں آپ عوامی پیسوں سے جہاز کیسے خرید سکتے ہیں۔ جہاز خریدا اور متکبرانہ رویہ بھی دکھایا۔۔ یاد رکھیں وقت بدلنے میں دیر نہیں لگتی۔ جو حالات پی ٹی آئی نے ایک ہزار دنوں سے دیکھے ہیں اگر وہ دن ن لیگ پر آئے تو یہ تین دن میں ملک سے باہر چلے جائیں گے۔ پروگرام میں صحافی عمران شفقت نے کہا کہ سوات میں ایک فیملی گزشتہ سال دریا برد ہو گئی تھی، علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم نے کیا وہاں تمبو دینا تھا، اب پنجاب حکومت کہہ رہی ہے کہ ہم گھروں میں نہیں جھانک سکتے۔
۔ مقامی حکومتیں بنائیں گے تو یہ مسائل از خود حل ہو جائیں گے۔ ن لیگ کی دوسری نسل کا اقتدار ہے، الحمرا کی جب چھت گری تھی تو شہباز شریف نے نیر علی داد کو ہتھکڑیاں لگائی تھیں۔ 26 ستمبر 2024 کو مظفر گڑھ کے علی گڑھ اسکول کی عمارت گری تھی، 7 مئی 2026 کو ڈی جی خان میں اسکول کی چھت گری، 2026 میں فیصل آباد میں ٹویشن سینٹر کی چھت گر گئی، لیہ میں اسی سال اسی طرح کا واقعہ ہوا۔ یہ پہلا واقعہ نہیں، بتائیں بچے مر رہے ہیں حل کیا نکالا ہے۔
