سوشل ویلفیئر آفس گوادر میں بڑا اسکینڈل بے نقاب، 26 ملازمین غیر حاضر، جعلی سرٹیفکیٹس کا انکشاف


گوادر (قدرت روزنامہ) ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کے اچانک دورے نے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا پول کھول دیا جہاں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں سامنے آگئیں۔ 3 جون 2026 کو کیے گئے سرپرائز وزٹ میں یہ چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے کہ محکمہ کے 107 ملازمین میں سے 26 بغیر اطلاع غیر حاضر تھے جبکہ دفتر کا نظام شدید بدنظمی کا شکار پایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ضلعی سربراہ ایک ہی وقت میں 6 اضافی عہدوں کا بوجھ اٹھا رہے ہیں، دفتر کی عمارت خستہ حالی کا شکار ہے اور سہولیات ناکافی ہیں، معذور افراد کا ریکارڈ غلط پایا گیا اور متعدد جعلی معذوری سرٹیفکیٹس جاری کیے جانے کا انکشاف ہوا جبکہ لٹریسی اور نان فارمل ایجوکیشن کا شعبہ مکمل طور پر غیر فعال ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے صورتحال کو سنگین قرار دیتے ہوئے بی ای ای ڈی اے 2011 کے تحت فوری محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا ہے جبکہ غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت ایکشن کی تیاری بھی شروع کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق دورے کی ویڈیو بھی موجود ہے جو مزید کارروائی میں اہم ثبوت کے طور پر استعمال ہوگی۔ یہ انکشافات نہ صرف محکمہ کی ناقص کارکردگی کو ظاہر کرتے ہیں بلکہ سرکاری نظام میں اصلاحات کی فوری ضرورت کو بھی اجاگر کرتے ہیں

WhatsApp
Get Alert