دالبندین میں ایف سی بلوچستان کی بڑی کارروائی، 6 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا اسمگل شدہ سامان برآمد
اسمگلنگ کے مکمل خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، ایف سی بلوچستان ساوتھ

دالبندین(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے سرحدی ضلع دالبندین میں ایف سی بلوچستان ساوتھ نے اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 6 کروڑ 30 لاکھ 70 ہزار روپے سے زائد مالیت کا اسمگل شدہ سامان برآمد کر لیا۔
حکام کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس کے دوران اسمگلروں کے زیر استعمال راستوں اور مشتبہ مقامات پر ناکہ بندی اور تلاشی کے دوران بھاری مقدار میں غیر قانونی سامان قبضے میں لیا گیا۔ایف سی بلوچستان ساوتھ کے مطابق برآمد ہونے والے سامان میں غیر ملکی ادویات، کپڑا، بڑی مقدار میں ڈیزل، الیکٹرانک سامان، غیر ملکی سگریٹ اور دیگر قیمتی اشیا شامل ہیں، جنہیں ملک کے مختلف علاقوں میں اسمگل کیا جانا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ قومی معیشت، قانونی تجارت، مقامی صنعت اور حکومتی محصولات کو نقصان پہنچاتی ہے، اسی لیے سرحدی علاقوں میں غیر قانونی تجارت کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ ایف سی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران اسمگلروں کے نیٹ ورک سے متعلق اہم معلومات بھی حاصل ہوئی ہیں، جن کی بنیاد پر مزید کارروائیاں متوقع ہیں۔برآمد شدہ سامان قانونی کارروائی کے بعد متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ اسمگلنگ میں ملوث عناصر کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
سیکیورٹی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دالبندین، چاغی اور دیگر سرحدی اضلاع میں اسمگلنگ، غیر قانونی نقل و حرکت اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ قومی مفادات، ملکی معیشت اور قانون کی عملداری کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
