دشت میں قومی شاہراہ کے پل پر دھماکا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
پل کو جزوی نقصان پہنچا، قومی شاہراہ پر ٹریفک معمول کے مطابق جاری، واقعے کی تحقیقات شروع

دشت(قدرت روزنامہ)ضلع مستونگ کی تحصیل دشت میں سبی روڈ پر نادرا آفس کے قریب واپڈا گریڈ اسٹیشن کے سامنے واقع قومی شاہراہ کے پل پر نصب دھماکا خیز مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق دھماکا صبح تقریبا آٹھ بجے ہوا، جس کی آواز در دور تک سنی گئی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں پل کے دونوں اطراف کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم ضلعی انتظامیہ نے پل کو ٹریفک کے لیے محفوظ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ قومی شاہراہ پر آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے، جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کر دی۔ سیکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ نے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
