پاکستانی مداحوں کی محبت نے دل جیت لیا، عمران ہاشمی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)میری فلم آوارہ پن پاکستان میں ریلیز ہوئی تھی، جس کے لیے ہم لاہور گئے تھے۔ وہاں مجھے جس محبت اور جوش کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا، وہ میرے لیے بہت خاص تھا۔ یہ دیکھ کر دل خوش ہوا کہ وہاں میرے اتنے مداح موجود ہیں۔ میں بھٹ صاحب کے ساتھ تھا اور لوگوں کی مہمان نوازی نے مجھے حیران کر دیا، استقبال بہت گرم جوش اور یادگار تھا۔
پاکستان میں ہندی فلموں کے لیے بہت زیادہ دلچسپی پائی جاتی ہے۔ لوگ ہماری فلموں کو پسند کرتے ہیں۔
بھارتی اداکار عمران ہاشمی نے ایک حالیہ انٹرویو میں پاکستان کے مداحوں اور لاہور میں ملنے والی محبت کو یاد کرتے ہوئے پاکستانیوں کی مہمان نوازی کی تعریف کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم آوارہ پن کی پاکستان میں ریلیز کے دوران انہیں غیر معمولی پذیرائی ملی، جسے وہ آج بھی یاد رکھتے ہیں۔
عمران ہاشمی نے بھارتی پوڈکاسٹ دی للّن ٹاپ شو میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور کا دورہ ان کے لیے خوشگوار تجربہ تھا۔ ان کے مطابق پاکستانی مداحوں کی جانب سے فلم اور ان کی شخصیت کے لیے دکھائی جانے والی دلچسپی نے انہیں متاثر کیا۔
میزبان نے ان سے فلم جنت کے زمانے میں پاکستان میں مبینہ طور پر ہجوم بے قابو ہونے سے متعلق سوال بھی کیا۔ جواب میں عمران ہاشمی نے کہا کہ پاکستان میں ہندی فلموں کے لیے خاص کشش موجود ہے اور شائقین بھارتی فلموں کو بڑی دلچسپی سے دیکھتے ہیں۔
عمران ہاشمی بھارتی فلم انڈسٹری کے ان اداکاروں میں شامل ہیں جنہوں نے فلموں اور او ٹی ٹی منصوبوں میں مختلف نوعیت کے کردار ادا کیے۔ ان کی نمایاں فلموں میں آوارہ پن، مرڈر، جنت اور ونس اپون اے ٹائم اِن ممبئی شامل ہیں، جبکہ ان کی فلموں کے گیت بھی اکثر شائقین میں مقبول رہے ہیں۔
پاکستان میں بھی عمران ہاشمی کے مداح موجود ہیں اور ان کے اس تازہ بیان کو سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین کی جانب سے مثبت انداز میں دیکھا جا رہا ہے۔
