دانا سر بس حادثہ: ضیاء اللہ لانگو کا گہرے دکھ کا اظہار، سڑکوں اور ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری پر زور

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) صوبائی وزیر داخلہ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ترجمان میر ضیاء اللہ لانگو نے دانا سر کے مقام پر پیش آنے والے المناک بس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کی ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی سرحد پر واقع دانا سر کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں مسافر بس کے حادثے نے خوشیوں اور امیدوں سے بھرے سفر کو ایک ناقابلِ فراموش سانحے میں بدل دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک حادثے میں خواتین اور معصوم بچوں سمیت 40 قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی دلخراش واقعہ ہے، جس نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس مشکل گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انہیں بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات کی روک تھام کے لیے سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے، ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے اور عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید محفوظ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
