دانہ سر بس حادثہ: بس کمپنی اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج، ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی، شاہد رند


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے کہا ہے کہ دانہ سر کے مقام پر پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے کے بعد بس کمپنی اور ڈرائیور کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ حادثے کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سخت کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
شاہد رند نے اپنے بیان میں بتایا کہ گزشتہ روز بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے دانہ سر میں پیش آنے والے افسوسناک بس حادثے میں 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ انتہائی دلخراش ہے اور حکومت بلوچستان قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کے فوراً بعد امدادی اداروں نے بروقت کارروائیاں شروع کیں، جبکہ متعلقہ حکام حادثے کی وجوہات کا ہر پہلو سے جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اس افسوسناک واقعے کے ذمہ دار افراد اور عوامل کا درست تعین کیا جا سکے۔


معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بس کمپنی اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سانحے میں ملوث کسی بھی فرد یا ادارے کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن انصاف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ شفاف تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات کی روک تھام کے لیے صوبے بھر میں مسافر گاڑیوں کی فٹنس، روٹ پرمٹس، ڈرائیوروں کی اہلیت اور دیگر حفاظتی اقدامات پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ٹرانسپورٹ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرائے گی تاکہ شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات میسر آ سکیں۔

WhatsApp
Get Alert