افغانستان میں امن واستحکام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، آرمی چیف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن واستحکام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترکش ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف نے ملاقات کی جس میں علاقائی سیکیورٹی،باہمی دلچسپی اورپیشہ ورانہ امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دفاعی اورسیکیورٹی تعاون کو بڑھانے پر خصوصی بات چیت کی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان برادرملک ترکی کیساتھ تعلقات کوخصوصی اہمیت دیتاہے ، افغانستان میں امن واستحکام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ، عالمی توجہ سےافغانستان میں کسی انسانی بحران سے بچا جا سکتا ہے۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دونوں جانب سے فوجی تعاون کومزید فروغ دینے پراتفاق رائے ہوا ، ترک جنرل نے مسلح افواج کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانےکےعزم کااعادہ کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ترک جنرل نےافغانستان کی صورتحال میں پاکستان کےکردارکی تعریف کی۔