شاہدآفریدی نے بیٹی کو قرآن پاک حفظ کرانے والے قاری کو نئی گاڑی تحفے میں دے دی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنی بیٹی انسا کو قرآنِ پاک حفظ کرانے والے استاد، قاری محمد یاسر، کو منفرد انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
رپورٹس کے مطابق شاہد آفریدی نے قاری محمد یاسر کو اپنے گھر مدعو کیا اور ان کی خدمات کے اعتراف میں پرانی موٹر سائیکل کے بدلے نئی سوزوکی آلٹو گاڑی بطور تحفہ پیش کی۔
شاہد آفریدی نے قاری محمد یاسر کے رواں سال حج کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا بھی اعلان کیا، جبکہ ان سے اپنی کم عمر بیٹی کو بھی قرآنِ پاک کی تعلیم دینے کی درخواست کی۔
سوشل میڈیا پر شاہد آفریدی کے اس اقدام کو قرآنِ کریم کے اساتذہ کی عزت و تکریم اور دینی خدمات کے اعتراف کی ایک خوبصورت مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
