گوادر:بارشیں،سیلاب اورسخت سردی:پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری:پاک فضائیہ کا سی 130 طیارہ گوادر پہنچ گیا
گوادر(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے معاشی حب گوادر میں شدید بارشوں اور سیلاب کی ابتر صورت حال پر پاکستان آرمی مقامی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پسنی میں بارشوں سے نقصان کا تخمینہ لگانے اور ضلعی انتظامیہ کی مدد کیلئے پاکستان آرمی اور پی ڈی ایم اے کی امدادی ٹیموں کا ریسکیو آپریشن جاری ہے، ریسکیو آپریشن کے لئے آرمی ہیلی کاپٹرز کو استعمال کیا جارہا ہے، جس کا مقصد دور دراز علاقوں کے متاثرین میں جلد از جلد بنیادی ضروریات کو فراہم کرنا ہے۔اسی تناظر میں پاک فوج نے پسنی ، گوادر کے نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلے میں پھنسے افراد کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ٹینٹ ،کھانے پینے کی اشیا فراہم کیں۔
ادھر بلوچستان کےعلاقےضلع کیچ میں سیلابی بارشیں تباہی مچانے کے بعد تھم گئیں، لیکن معمولات زندگی بحال نہ ہوسکی،طوفانی بارشوں نے کیچ کے متعد دعلاقوں کو شدید متاثر کیا، متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کئی علاقوں میں سیلابی ریلا سڑکوں کو بھی بہا لےگیا ہے۔پی ڈی ایم اے, لیویز اور ایف سی کا بھی ریلیف آپریشن جاری ہے، ڈی سی کیچ نےطوفانی بارشوں کے پیش نظربلنگور کو آفت زدہ قرار دے کر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی نمبر جاری کردئیے ہیں۔