حکمران عوامی مسائل سے مکمل لاتعلق؛ بلوچستان کو بدامنی اور معاشی بدحالی میں دھکیل دیا گیا ہے، ڈاکٹر مالک بلوچ کا کوئٹہ میں خطاب


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)نیشنل پارٹی کلی عالم خان کے زیر اہتمام منعقدہ پروقار شمولیتی جلسے میں کاسی، بڑیچ، شیخ، حسینی، کاکڑ سمیت مختلف اقوام سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے عبدالہادی کاسی کی قیادت میں نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔جلسے سے نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر احمد محمد شہی، صوبائی صدر اسلم بلوچ، ضلعی صدر حاجی عطا محمد بنگلزئی، رکن بلوچستان اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ، بی ایس او پجار کے سیکرٹری جنرل ابرار برکت بلوچ اور ضلعی جنرل سیکرٹری ریاض زہری نے خطاب کیا، جبکہ نظامت کے فرائض مرکزی ترجمان علی احمد لانگو نے انجام دیے۔عبدالہادی کاسی نے اپنے خطاب میں ساتھیوں سمیت نیشنل پارٹی کے اغراض و مقاصد اور قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔مقررین نے نئے ساتھیوں کی شمولیت کو نیشنل پارٹی کے عوامی فلسفے کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی سیاست وطن اور عوام سے محبت، سماجی تبدیلی، ترقی، جمہوریت اور میرٹ پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی سیاست برائے اقتدار نہیں بلکہ عوامی شعور بیدار کرنے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔رہنماں نے کہا کہ بلوچستان اس وقت امن و امان، معاشی بدحالی اور عوامی مسائل سے دوچار ہے، جبکہ حکمران عوامی مشکلات سے لاتعلق ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ 2013 میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی قیادت میں عوامی اقدامات کے باعث صوبے میں امن و استحکام کی صورتحال بہتر ہوئی۔انہوں نے گزشتہ انتخابات میں فارم 47 کے ذریعے نیشنل پارٹی کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عوامی طاقت سے آئندہ انتخابات میں ایسے تمام ہتھکنڈوں کو شکست دی جائے گی۔ رہنماں نے حلقہ 43 میں رکن بلوچستان اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے نیشنل پارٹی کا ساتھ دیں۔جلسے میں نیشنل پارٹی اور بی ایس او کے مرکزی و صوبائی رہنما، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

WhatsApp
Get Alert