ٹکٹ نہ ملنے پر بلال بٹ نے (ن) لیگ آزاد کشمیر لاہور ڈویژن چھوڑ کر استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی


لاہور(قدرت روزنامہ)مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر لاہور ڈویژن کے جنرل سیکریٹری بلال بٹ نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بلال بٹ کی جانب سے یہ فیصلہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے-34 سے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے کے بعد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے مذکورہ نشست کے لیے مسلم لیگ (ن) سے ٹکٹ کی درخواست دی تھی، تاہم انہیں پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
بلال بٹ اس سے قبل یونین کونسل 90 سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر وائس چیئرمین منتخب ہو چکے ہیں اور پارٹی کے تنظیمی معاملات میں بھی متحرک کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے گزشتہ روز ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے ایک اہم اجلاس میں بھی بلال بٹ شریک نہیں ہوئے۔ اجلاس میں بعض شرکاء نے ان کی غیر موجودگی پر ان کے حامیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ کچھ رہنماؤں نے بلال بٹ کے طرزِ عمل کو ذاتی مفادات سے تعبیر کیا۔
تاہم اس معاملے پر بلال بٹ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ وضاحت یا ردعمل سامنے نہیں آیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق بلال بٹ کی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت آزاد کشمیر کی سیاست، خصوصاً حلقہ ایل اے-34 میں آئندہ انتخابی مقابلے پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert