ہنہ اوڑک کے عوام کے مطالبات جائز ہیں؛ دہشتگردی کے خلاف صرف مذمتی بیانات کافی نہیں، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کا دھرنے کی حمایت کا اعلان


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے ہنہ اوڑک کے عوام کے جاری پرامن دھرنے اور ان کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ہر اس آواز کے ساتھ کھڑی ہے جو امن،انصاف اور عوام کے بنیادی حقوق کے لیے بلند ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہنہ اوڑک کے عوام اپنے علاقے میں امن و امان کی بحالی اور جان و مال کے تحفظ کے لیے سراپا احتجاج ہیں، اور ان کے مطالبات آئینی، قانونی اور مکمل طور پر جائز ہیں۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک صورتحال ہے کہ دہشت گرد صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور حساس عسکری علاقے، حتیٰ کہ اسٹاف کالج کے قریب تک کارروائیاں کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، جبکہ طاقتورطبقات وحکمران صرف مذمتی بیانات اور رسمی اقدامات تک محدود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست اور حکومت کی بنیادی آئینی ذمہ داری ہے، لیکن بدقسمتی سے بلوچستان کے عوام مسلسل عدم تحفظ کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردی،ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی کے واقعات میں اپنے پیاروں کے جنازے اٹھا اٹھا کر تھک چکے ہیں۔ آج صورتحال یہ ہے کہ نہ پہاڑ محفوظ ہیں، نہ شہر، نہ قومی و صوبائی شاہراہیں محفوظ ہیں اور نہ ہی دیہات امن کی علامت رہے ہیں۔ صوبے کے ہر حصے میں خوف، بے یقینی اور عدم تحفظ کی فضا قائم ہے، جس کے باعث عام شہری شدید ذہنی اذیت اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی بلوچستان نے کہا کہ ہنہ اوڑک کے مظاہرین کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ اپنے بنیادی حقوق،جان ومال کی حفاظت، امن اور اپنے خاندانوں کے محفوظ مستقبل کے لیے دھرنا دیے ہوئے ہیں۔ ایسے پرامن احتجاج کو طاقت یا دباؤ کے ذریعے ختم کرنے کے بجائے حکومت کو سنجیدگی سے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، مظاہرین کے تحفظات دور کرنے چاہییں اور ان کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کرنے چاہییں۔انہوں نے کہا کہ آج حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ حکومت کی رٹ عملی طور پر کمزور دکھائی دے رہی ہے، جبکہ دہشت گرد عناصر کھلے عام اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔ حکومت کو بیانات سے آگے بڑھ کر مؤثر، عملی اور نتیجہ خیز اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ بلوچستان میں دیرپا امن قائم ہو اور عوام خود کو محفوظ محسوس کریں۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی بلوچستان ہنہ اوڑک کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی جائز، آئینی اور پرامن جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری غیرسرکاری دہشت گردی کے خاتمے،عوام کے جان و مال کے تحفظ اور بلوچستان میں امن و امان کی بحالی کے لیے فوری، سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو مزید قربانیاں نہ دینی پڑیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی ہر فورم پر بلوچستان کے عوام کے حقوق، امن اور انصاف کی آواز بلند کرتی رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert