ہنہ اوڑک میں مسلح حملہ قابل مذمت، صوبائی حکومت امن و امان قائم کرنے میں مکمل ناکام ہے؛ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں صوبے بھر میں امن و امان کی صورت حال کو جعلی صوبائی حکومت کی بدترین ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پورے صوبے میں کہیں بھی اس حکومت کی رٹ دکھائی نہیں دیتی اور جہاں پر مسلط حکومت کا رٹ قائم ہے وہاں چاروں طرف سخت پہرہ اور سیکورٹی کا حصار قائم کرکے اپنی حد تک اپنے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ قومی شاہراہیں، اور صوبے کی تمام اضلاع میں حالات انتہائی خراب ہے ہر طرف تباہی و بربادی کے نظارے دکھائی دے رہے ہیں لا قانونیت اور بدامنی کے باعث عوام کہیں پر بھی محفوظ نہیں اب تو کالعدم تنظیموں کے نام پر مختلف علاقوں میں مسلح حملہ آور آکر علاقے خالی کرنے کی دھمکیاں تک دے رہے ہیں۰ بیان میں کہا گیا کہ ہنہ اوڑک کی علاقے کلی ببری، کلی سارنگزئی اور کلی شموزئی پر مسلح افراد کا حملہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے اس دوران علاقہ عوام کی جانب سے بھرپور مزاحمت کی وجہ سے مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے کئی افراد کو شہید کیا اور علاقے کے کئی مقامی باشندوں کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۰ بیان میں کہا گیا کہ ہزارہ قوم اس لاقانونیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو حکومت اور ریاستی اداروں کی اولین زمہ داری سمجھتی ہے۰ مگر اب کیا کریں کہ جعلی حکومت اور تمام ادارے خود خوف کی وجہ سے سیکورٹی حصار میں پناہ لئیے ہوئے ہیں۰ بیان میں ہنہ اوڑک کے قبائلیوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انکے تمام مطالبات تسلیم کرنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔
