ہنہ اوڑک واقعہ بدترین بدامنی کی مثال، 11 مغویوں کو فوری بازیاب کرایا جائے؛ پشتونخوا میپ کا ایئرپورٹ روڈ دھرنے اور بدھ کے جلسے کی بھرپور حمایت کا اعلان


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں کوئٹہ کے علاقے ہنہ اوڑک، کلی ببری میں دہشت گردوں کے حملے میں نقیب اللہ، اشرف خان، یونس خان اور گلریز کی شہادت اور 11 افراد کے اغواء کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نااہل مسلط حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے، مسلح جتھوں کا جدید اسلحے کے ساتھ علاقہ مکینوں پر حملہ آور ہونا، فائرنگ، شہادتیں اور اغواء کی وارداتیں حکومت اور ریاستی اداروں کے لیے بڑا سوالیہ نشان ہیں۔ ہنہ اوڑک کا دہشتگردانہ واقعہ بدترین بدامنی اور امن کی تباہی کی واضح مثال ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی ہنہ اوڑک کے عوام کے احتجاجی دھرنے کے تمام مطالبات کو جائز گردانتی ہے اور ان کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روڈ پر جاری احتجاجی دھرنے میں بھرپور شرکت کریں اور 8 جولائی بروز بدھ کو شام چار بجے ہونے والے احتجاجی جلسہ عام کی تیاریوں اور اس میں شرکت کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ احتجاجی جلسے میں شرکت کے لیے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے شام سہ پہر 3 بجے جلوس روانہ ہوگا۔ بیان میں ہنہ اوڑک کے 11 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرانے، مسلح جتھوں کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کا پرزور مطالبہ کیا گیا۔
دریں اثناء، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کی قیادت میں پارٹی وفد نے ایئرپورٹ روڈ پر ہنہ اوڑک کے عوام کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کی۔ وفد میں مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان سمیت دیگر رہنما اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

WhatsApp
Get Alert