ہنہ اوڑک میں دہشتگردی مقامی آبادی کو بے دخل کرنے کی منظم سازش ہے؛ عوامی نیشنل پارٹی کا دھرنا کمیٹی کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان نے ہنہ اوڑک، کلی ببری اور ملحقہ علاقوں میں مقامی آبادی پر ہونے والے دہشت گرد حملے اور بے گناہ افراد کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھرنا کمیٹی کے تمام مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے صوبائی بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے قریب واقع سیاحتی مقام وادی ہنہ میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات انتہائی تشویشناک ہیں اور اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ علاقے میں بدامنی پھیلانے کے لیے منظم منصوبہ بندی کے تحت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ ان حملوں کے پس پردہ کارفرما عناصر کا مقصد مقامی آبادی کو ان کے آبائی علاقوں سے بے دخل کرنا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جس طرح ماضی میں وزیرستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کو جواز بنا کر مقامی آبادی کو نقل مکانی پر مجبور کیا گیا، اسی طرز کی حکمت عملی اب مختلف علاقوں، بالخصوص منگلہ شابان اور ہنہ اوڑک میں اختیار کی جا رہی ہے۔ پارٹی کے مطابق یہ واقعات محض اتفاقیہ نہیں بلکہ ایک منظم سلسلے کا حصہ ہیں، جن کے ذریعے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پیدا کیا جا رہا ہے، جبکہ غیر مقامی مسلح جتھوں کی نقل و حرکت کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی نے وفاقی و صوبائی حکومت اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے عوام کے جان و مال، عزت اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنائیں، دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں ملوث عناصر کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور ہنہ اوڑک سمیت بلوچستان بھر میں امن و امان کی بحالی اور مقامی آبادیوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ پارٹی نے موقف اختیار کیا کہ اگر ریاست اور حکومت شہریوں کے تحفظ میں ناکام رہیں تو عوام کا اعتماد مزید متاثر ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert