کافی پینا پسند کرتے ہیں تو یہ عادت ایک سنگین مرض کا خطرہ کم کرتی ہے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اگر آپ کافی پینا پسند کرتے ہیں تو یہ عادت ذہنی مستعدی سے زیادہ ایک جان لیوا مرض سے بھی تحفظ فراہم کرسکتی ہے۔
یہ گرم مشروب جگر کے سنگین امراض کا خطرہ کم کرتا ہے۔ یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
جرنل Clinical Gastroenterology and Hepatology میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ کافی پینے کے عادی افراد میں جگر کے سنگین امراض بشمول جگر کے کینسر اور جگر کے امراض سے موت کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
اس تحقیق میں ساڑھے 3 لاکھ سے زائد افراد کو شامل کیا گیا۔
ان افراد کو تحقیق میں 2006 سے 2010 کے دوران شامل کیا گیا جن کی عمریں 40 سے 69 سال کے درمیان تھیں۔
تحقیق کے آغاز میں یہ افراد جگر کے امراض یا کینسر سے محفوظ تھے اور ان افراد سے کافی پینے کی تفصیلات حاصل کی گئیں۔
پھر ان افراد کی صحت کا جائزہ 13 سال تک لیا گیا اور جگر کے مختلف امراض، جگر کے کینسر اور موت کے کیسز کا جائزہ لیا گیا۔
اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد روزانہ 5 یا اس سے زائد کپ کافی پیتے ہیں، ان کی جگر کی صحت نمایاں حد تک بہتر ہوتی ہے۔
ان افراد میں جگر کے ٹشوز کی سختی کے مرض کا خطرہ 32 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
اسی طرح جگر کے کینسر کا خطرہ 47 فیصد جبکہ جگر کے امراض سے موت کا خطرہ 42 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ روزانہ ایک سے 4 کپ کافی پینے سے بھی جگر کے امراض کا خطرہ کسی حد تک کم ہو جاتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ زیادہ کافی پینے سے جگر میں چکنائی اور آئرن کی سطح گھٹ جاتی ہے جبکہ ورم میں بھی کمی آتی ہے۔
محققین کے مطابق ہر قسم کی کافی پینے سے جگر کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کافی میں ایسے مرکبات موجود ہوتے ہیں جو تکسیدی تناؤ اور دائمی تناؤ میں کمی لاتے ہیں اور یہ دونوں ہی جگر کو نقصان پہنچانے والے عناصر ہیں۔

WhatsApp
Get Alert