بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججوں کی تقرری، 20 امیدواروں کے نام جوڈیشل کمیشن کو ارسال، اجلاس 21 جولائی کو طلب


اسلام آباد،کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججوں کی تقرری کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان ہائی کورٹ کے لیے نئے ایڈیشنل ججوں کی تقرری پر غور کرنے کے لیے 21 جولائی 2026 بروز منگل سہ پہر 3 بجے سپریم کورٹ آف پاکستان، اسلام آباد میں اجلاس طلب کر لیا ہے۔یو این اے کو موصول جوڈیشل کمیشن سیکریٹریٹ کے مراسلے کے مطابق اجلاس میں بلوچستان ہائی کورٹ کے لیے 20 امیدواروں کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔ امیدواروں میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں، سپریم کورٹ کے سینئر وکلا اور ہائی کورٹ کے سینئر وکیل شامل ہیں۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں میں پزیر احمد بلوچ، سعادت اللہ خان بزئی، عبدالقیوم لہڑی، عنایت اللہ خان اور اللہ داد روشن شامل ہیں، جبکہ سپریم کورٹ کے سینئر وکلا میں محمد سلیم لاشاری، نثار احمد علیزئی، ظہور احمد، نادر علی چلغری، بیرم خان، میر عطا اللہ لانگو، ایم ذکریا خان ناصر، نصیر احمد، رحمت اللہ، محمد اکرم شاہ، منظور احمد شاہ، محمد رف عطا، بیرسٹر امیر محمد لہڑی اور ملاگ عیسی دشتی کے نام شامل کیے گئے ہیں۔ سید ظہور احمد بطور ایڈووکیٹ ہائی کورٹ بھی امیدواروں کی فہرست میں شامل ہیں۔مراسلے کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے ارکان کو تمام امیدواروں کے تفصیلی سی وی، پیشہ ورانہ ریکارڈ اور متعلقہ دستاویزات ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ اجلاس سے قبل ان کی قانونی قابلیت، عدالتی خدمات، پیشہ ورانہ شہرت اور اہلیت کا جائزہ لیا جا سکے۔ ارکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کسی امیدوار کے نام سے متعلق کوئی اعتراض یا تجویز ہو تو وہ مراسلہ موصول ہونے کے دو روز کے اندر تحریری طور پر سیکریٹریٹ کو آگاہ کریں۔قانونی ماہرین کے مطابق بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججوں کی تقرری سے زیر التوا مقدمات کے بوجھ میں کمی، مقدمات کی جلد سماعت اور انصاف کی بروقت فراہمی میں مدد ملے گی۔ جوڈیشل کمیشن امیدواروں کی قانونی قابلیت، دیانت داری، پیشہ ورانہ شہرت اور آئینی تقاضوں کی روشنی میں سفارشات مرتب کرے گا، جس کے بعد آئینی طریقہ کار کے مطابق تقرری کے اگلے مراحل مکمل کیے جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert