زیارت میں پولیس اہلکاروں پر حملہ بزدلانہ کارروائی، امن دشمنوں سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے؛ مینا مجید بلوچ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید نے زیارت میں ’فتنہ الخوارج‘ سے وابستہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار وطن عزیز کے امن و امان اور دفاع کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ دہشت گرد عناصر یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کر لیں کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے سیکیورٹی اداروں اور غیور جوانوں کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔ بلوچستان کا بچہ بچہ اپنی فورسز کے ساتھ کھڑا ہے۔
محترمہ مینا مجید نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہماری حکومت صوبے میں امن و امان کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے تک تمام ممکنہ اقدامات اور سرگرمیاں پوری طاقت سے جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیارت کے شہداء کی لازوال قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور امن کے دشمنوں سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ صوبائی مشیر نے شہداء کے درجات کی بلندی، سوگوار لواحقین کے لیے صبر جمیل اور واقعے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
