زیارت میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن؛ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیر صحت بخت محمد کاکڑ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے زیارت میں فتنہ الخوارج کے خلاف پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی ہلاکت اس بات کا واضح مظہر ہے کہ ہماری پولیس اور سیکورٹی فورسز قیامِ امن کے لیے مکمل طور پر مستعد ہیں۔
بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ فرض کی ادائیگی کے دوران بلوچستان پولیس کے بہادر جوانوں کی لازوال قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، ہمارے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی بیش قیمتی قربانی ہرگز رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ مل کر امن دشمنوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائے گی۔
صوبائی وزیر صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کی سرزمین پر موجود آخری دہشت گرد کے خاتمے تک قومی یکجہتی پر مشتمل کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپنے لوگوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے ریاست تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور بلوچستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والوں کا ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔
