وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی بغیر بلٹ پروف گاڑی سڑک کے راستے زیارت پہنچ گئے، شہداء کے بچوں کی کفالت اور تعلیم کی ذمہ داری حکومت اٹھائے گی


کوئٹہ/زیارت(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی بغیر بلٹ پروف عام گاڑی میں سڑک کے راستے زیارت پہنچ گئے، جہاں وہ امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں گے، اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے اور حالیہ دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کریں گے۔
زیارت روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور حکومت کسی بھی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی کوئی بلوچستانی مشکل میں ہوگا، وہ خود اس کے پاس پہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان کے جوان بلٹ پروف گاڑیوں کے بغیر دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہے ہیں تو ان کا ضمیر انہیں بلٹ پروف گاڑی میں سفر کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے اور وہ دہشت گردی کے خلاف اپنی فورسز کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وہ زیارت شہداء کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہونے، ان کی دلجوئی کرنے اور انہیں یہ یقین دلانے آئے ہیں کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شہداء کے بچوں کی تعلیم، کفالت اور روشن مستقبل کی مکمل ذمہ داری حکومت بلوچستان اٹھائے گی اور انہیں کبھی یتیمی کا احساس نہیں ہونے دیا جائے گا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف متحد ہو چکے ہیں جبکہ پولیس کے بہادر جوانوں نے آخری سانس تک مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ زرقون اور ملحقہ علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جس میں فرنٹیئر کور اور بلوچستان پولیس مشترکہ کارروائیاں کر رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ معصوم شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کا خون بہانے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف حکومت یا سیکیورٹی اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ ہے، اس لیے قومی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں اور تمام مکاتب فکر سے اپیل کی کہ وہ لاشوں پر سیاست کرنے کے بجائے دہشت گردی کے خلاف حکومت اور سیکیورٹی اداروں کا ساتھ دیں تاکہ بلوچستان میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert