زیارت: سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن، 15 دہشتگرد ہلاک آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، بابر یوسفزئی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ زیارت میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب کلیئرنس آپریشن نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔ اس آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج سے بہادری سے لڑتے ہوئے 9 پولیس افسران و جوانوں نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا، جبکہ کلیئرنس آپریشن میں 15 دہشتگرد جہنم واصل ہوئے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک بلوچستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ سیکیورٹی فورسز، بلوچستان پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، ریاست ہر محاذ پر پوری قوت سے متحرک ہے۔
معاون برائے داخلہ نے بتایا کہ انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں کے ذریعے دہشت گرد تنظیموں کے نیٹ ورکس کو منظم انداز میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ امن دشمن عناصر کو واضح پیغام ہے کہ ریاست کی عملداری پر حملہ ناقابلِ قبول ہے اور انہیں ہر چیلنج کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ زیارت میں شہید ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی قربانی قوم کا عظیم سرمایہ ہے اور ان کے لہو کا حساب ضرور لیا جائے گا۔
بابر یوسفزئی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، عوام کے جان و مال کا تحفظ اور دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام کے تعاون اور سیکیورٹی اداروں کی لازوال قربانیوں سے دہشت گردی کے اس ناسور کو حتمی شکست دی جائے گی۔
