اراکین نے کوئی اضافی مراعات نہیں لیں، بلیو پاسپورٹ بارے تمام خبریں جھوٹی، من گھڑت، بے بنیاد ہیں، شفیع جان
پاسپورٹ جاری کرنا مرکزی حکومت کا ڈومین ہے، اراکینِ اسمبلی کی مراعات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے اور نہ ہی اراکینِ اسمبلی نے اپنے لیے کوئی بھی اضافی مراعات لی ہیں؛ صوبائی وزیراطلاعات کی وضاحت

پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخواہ اسمبلی کے اراکین کو بلیو پاسپورٹ جاری کرنے اور مراعات میں اضافے کے حوالے سے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع پر گردش کرنے والی خبروں پر وضاحت کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان کا کہنا ہے کہ اراکینِ اسمبلی کے حوالے سے سامنے آنے والی یہ تمام خبریں حقائق کے بالکل برعکس ہیں۔
سوشل میدیا پلیٹ فارم ایکس پر اس حوالے سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں شفیع جان نے واضح کیا ہے کہ خیبرپختونخواہ اسمبلی کے اراکین کو بلیو پاسپورٹ جاری کرنے کی منظوری سے متعلق گردش کرنے والی تمام خبریں سراسر جھوٹی، من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں وضاحت کی کہ پاسپورٹ جاری کرنا خالصتاً مرکزی یعنی وفاقی حکومت کا دائرہ اختیار ہے، اس لیے صوبائی سطح پر ایسی کسی منظوری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، بلیو پاسپورٹ کے حوالے سے کی جانے والی تمام باتیں حقائق پر مبنی نہیں ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ صوبائی اسمبلی کے اراکین اور کابینہ کے ارکان پہلے سے مقررہ قواعد و ضوابط، رولز اینڈ ریگولیشنز کے مطابق ہی اپنی قانونی مراعات حاصل کر رہے ہیں، اراکینِ اسمبلی کی مراعات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے اور نہ ہی اراکینِ اسمبلی نے اپنے لیے کوئی بھی اضافی مراعات لی ہیں۔
