یہ طے ہو گیا کہ اگلی وزیرِاعظم مریم نواز ہوں گی، سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا دعویٰ

نوازشریف کیوں اپوزیشن سے بات کریں گے؟ بھائی وزیراعظم، سمدھی ڈپٹی پرائم منسٹر، بیٹی وزیراعلیٰ ہیں، اور مولانا کیوں کسی ایسی تحریک کا حصہ بنیں گے جس سے عمران خان کی وآپسی ہوگی؛ سابق گورنر سندھ کی گفتگو


کراچی(قدرت روزنامہ)سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے ملکی سیاست اور بالخصوص شریف خاندان سے متعلق بڑے دعوے کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق ایکسپریس نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے شریف خاندان کی اقتدار پر مضبوط گرفت کا نقشہ کھینچتے ہوئے سوال اٹھایا کہ نواز شریف کیوں اپوزیشن سے بات کریں گے؟ ان کے بھائی شہباز شریف ملک کے وزیراعظم ہیں، ان کے سمدھی اسحاق ڈار ڈپٹی پرائم منسٹر ہیں، اور ان کی بیٹی مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب ہیں، اس کے ساتھ ہی یہ بھی طے ہو گیا ہے کہ مریم نواز اگلی وزیراعظم ہوں گی، تاہم پنجاب کا وزیرِاعلیٰ حمزہ شہباز ہوں گے یا علی ڈار، اس میں اختلاف ہو سکتا ہے۔
جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ مولانا کیوں کسی ایسی تحریک کا حصہ بنیں گے جس سے عمران خان کی واپسی ہوگی؟ مولانا فضل الرحمان کی سیاست کو تو سب سے زیادہ ڈینٹ یعنی نقصان خود عمران خان نے ہی پہنچایا ہے۔
محمد زبیر نے کراچی کے شہری موازنے پر کہا کہ ایم کیو ایم کے دور میں 80 اور 90 کی دہائی کے دوران شہر کی بڑی توسیع ہوئی، آج جا کر اگر ان علاقوں کو دیکھیں تو بعض جگہوں پر دو سو سال پرانے علاقے بھی ایم کیو ایم کے دور میں بننے والے علاقوں سے زیادہ منظم اور جدید محسوس ہوتے ہیں، ان کے علاقوں میں کہیں بھی بجلی کا باقاعدہ نظام موجود نہیں۔
ان کا مزید یہ بھی کہنا ہے کہ جگہ جگہ لٹکتی ہوئی تاریں اور کنڈا سسٹم نظر آتا ہے، گیس کی سہولت مکمل طور پر دستتیاب نہیں اور سڑکوں کا کوئی مناسب نیٹ ورک موجود نہیں ہے، وہاں بڑی بڑی عمارتیں تو کھڑی ہو گئیں مگر ان میں سے بہت سی عمارتیں بغیر کسی مناسب منظوری کے بنائی گئیں، اور آج کے دور میں ان کی حالت بھی انتہائی خستہ ہو چکی ہے۔

WhatsApp
Get Alert