بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں، پاکستان تحریک انصاف


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ افسوسناک واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ گزشتہ دو روز کے دوران ہنہ اوڑک کے گاؤں کلی ببری میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں چار نوجوانوں کی شہادت اور گیارہ افراد کے اغوا، جبکہ گزشتہ رات زیارت میں پولیس چوکی پر دہشت گرد حملے کے نتیجے میں 13 افراد کے شہید اور 19 افراد کو اپنے ساتھ لے جانے کے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں۔
بلوچستان میں امن و امان کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ناکام پالیسیوں اور ریاستی رِٹ کی کمزوری کی عکاس ہے۔ شہریوں کی جان، مال اور عزت کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، مگر بدقسمتی سے عوام آج بھی غیر محفوظ ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہے، اور اغوا کیے گئے تمام افراد کی فوری، محفوظ اور باعزت بازیابی کا مطالبہ کرتی ہے۔
ہم حکومتِ بلوچستان اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور مؤثر کارروائی کی جائے، اغوا کاروں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، اور بلوچستان کے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے جامع اور مؤثر سیکیورٹی حکمتِ عملی اختیار کی جائے۔
پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر سطح پر ان کے جان و مال کے تحفظ، امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert