لورالائی میں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، بھرپور جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک، ایف سی کا ایک جوان شہید

لورالائی (قدرت روزنامہ)ضلع لورالائی کے علاقے ازمری شور میں سرچ آپریشن سے واپسی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں نے گھات لگا کر حملہ کر دیا۔ فورسز نے فوری، مثر اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا، جس کے نتیجے میں تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ وطن کے دفاع میں فرنٹیئر کور(ایف سی)کا ایک جوان جامِ شہادت نوش کر گیا یو این اے کے مطابق سیکیورٹی فورسز علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن مکمل کرکے واپس آ رہی تھیں کہ پہلے سے گھات لگائے دہشتگردوں نے اچانک فائرنگ کر دی۔ فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور فوری حکمت عملی کے تحت حملہ آوروں کا بھرپور مقابلہ کیا شدید فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگرد مارے گئے، جبکہ دیگر حملہ آور اندھیرے اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے حکام کے مطابق مقابلے کے دوران ایف سی کا ایک بہادر جوان فرض کی ادائیگی کے دوران شہید ہوگیا، جس نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے وطن کے دفاع کی عظیم مثال قائم کی۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی مزید نفری علاقے میں پہنچ گئی اور ازمری شور سمیت ملحقہ علاقوں میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن کا دائرہ وسیع کر دیا گیا تاکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے مختلف مقامات کی ناکہ بندی کر دی ہے اور علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔سیکیورٹی حکام کے مطابق دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنایا گیا اور فورسز ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی شہید ایف سی جوان کی میت کو ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے روانہ کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، جہاں اسے مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فورسز کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی اور امن دشمن عناصر کو کسی صورت اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
