زیارت میں 9 اہلکاروں کی شہادت ریاستی ناکامی کا مظہر ہے؛ حکومت جنازوں میں شرکت کے بجائے سیکیورٹی فراہم کرے، سینیٹر مولانا عبدالواسع


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے زیارت واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ زیارت میں مزید 9 بے گناہ اہلکاروں کی لاشوں کی برآمدگی بلوچستان میں امن و امان کی سنگین ابتری اور شہریوں کے تحفظ میں ریاستی ناکامی کا انتہائی افسوسناک مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ شب سے اہلیانِ زیارت مسلسل اطلاع دیتے رہے کہ متعدد افراد کو اغوا کیا گیا ہے، مگر بروقت اور فیصلہ کن اقدامات سامنے نہ آ سکے۔ آج انہی مغوی افراد کی لاشوں کی برآمدگی نے ثابت کر دیا کہ عوام کے خدشات کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق ابھی بھی متعدد افراد یرغمال ہیں اور ہر گزرتا لمحہ ان کی جانوں کے لیے خطرات بڑھا رہا ہے۔ ایسی صورتحال میں کسی قسم کی تاخیر، غیر مؤثر حکمتِ عملی یا محض رسمی بیانات ناقابلِ قبول ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری جنازوں میں شرکت نہیں بلکہ عوام اور اہلکاروں کو سیکیورٹی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر یرغمال افراد کی بازیابی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو مزید کسی بھی انسانی سانحے کی مکمل سیاسی، انتظامی اور آئینی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

WhatsApp
Get Alert