زیارت میں مزید 18 پولیس اہلکار شہید، مجموعی تعداد 27 ہوگئی، خارجیوں کے خلاف آپریشن جاری: ڈی جی آئی ایس پی آر


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع زیارت میں دہشت گردوں کے حملوں میں مزید 18 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں، جس کے بعد شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی مجموعی تعداد 27 ہوگئی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق حملوں کے پہلے روز 9 پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے، جبکہ بعد ازاں مزید 18 اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق ہوئی، جس سے شہداء کی مجموعی تعداد 27 تک پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں پہلے دن 15 خارجی مارے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس اور سرچ آپریشن تاحال جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز علاقے میں موجود باقی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ریاست دشمن عناصر اور خارجیوں کے ناپاک عزائم کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے امن و استحکام کے لیے ان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

WhatsApp
Get Alert