بلوچستان میں تین روز کے دوران 42 جوان شہید، 54 دہشت گرد مارے گئے، ڈی جی آئی ایس پی آر کا دعویٰ

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)ڈی جی آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں گزشتہ تین روز کے دوران دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں اور حملوں میں مجموعی طور پر 42 جوان شہید ہوئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائیوں میں 54 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد مارے گئے، جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس اور سرچ آپریشن بدستور جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز علاقے میں موجود باقی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ وطن کے دفاع اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے اور ریاست دشمن عناصر کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔
