مانگی ڈیم سانحہ کے شہدا سے اظہارِ یکجہتی، سنجاوی بازار میں مکمل شٹر ڈان ہڑتال
تاجروں، سیاسی و سماجی تنظیموں کی دہشت گردی کی مذمت، امن کے لیے مثر اقدامات کا مطالبہ

سنجاوی(قدرت روزنامہ)ضلع زیارت کے علاقے مانگی ڈیم میں شدت پسندوں کے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت کے خلاف مرکزی انجمن تاجران سنجاوی کی اپیل پر آج سنجاوی بازار میں مکمل شٹر ڈان ہڑتال کی گئی۔ہڑتال کے دوران تمام کاروباری مراکز، دکانیں، بینک، نجی تعلیمی ادارے اور دیگر تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر بند رہیں، جبکہ بازار میں معمول کی سرگرمیاں بھی معطل رہیں۔
مرکزی انجمن تاجران کے مطابق شٹر ڈان ہڑتال کا مقصد مانگی ڈیم سانحے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا، ان کے اہل خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرنا اور دہشت گردی کے اس افسوسناک واقعے کے خلاف پرامن احتجاج ریکارڈ کرانا تھا۔ہڑتال کی حمایت علاقے کی مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی جماعتوں نے بھی کی۔ مقررین اور شرکا نے دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور علاقے میں پائیدار امن و امان کے قیام کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں۔
شہریوں، تاجروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی ہڑتال میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
