ڈیرہ مراد جمالی: گھر پر حملہ، شوہر زخمی اور حاملہ بیوی اغوا؛ اہلخانہ کا ڈی آئی جی آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا


ڈیرہ مراد جمالی (ڈیلی قدرت کوئٹہ)ڈیرہ مراد جمالی میں مسلح افراد گھر پر حملہ کر کے شوہر کو زخمی کرنے کے بعد ان کی بیوی کو اغواء کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔ واقعے کے خلاف جویا قبیلے کے سینکڑوں مرد، خواتین و بچوں کا ڈی آئی جی پولیس نصیرآباد کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا، خاتون کی بازیابی اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی کے قریب پولیس تھانہ باباکوٹ کی حدود میں آٹھ مسلح افراد نے گھر پر حملہ کر دیا، فائرنگ کر کے ندیم جویا کو شدید زخمی کر کے ان کی آٹھ ماہ کی حاملہ بیوی مسماتہ زاہدہ بی بی کو اغواء کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔ پولیس کے مطابق مغوی خاتون پانچ بچوں کی ماں بھی ہے۔
واقعے کے خلاف جویا قومی اتحاد بلوچستان کے صوبائی صدر میر سفر خان جویا کی قیادت میں سینکڑوں خواتین، بچے اور مرد احتجاج کرتے ہوئے ڈی آئی جی پولیس نصیرآباد رینج ڈیرہ مراد جمالی کے دفتر کے سامنے دھرنا دے دیا اور روڈ بلاک کر دی۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ اغوا کار چنڈرامہ مگسی قبیلے کے افراد ہیں جن کو ایس ایچ او باباکوٹ کی حمایت حاصل ہے کیونکہ ایس ایچ او بھی مگسی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مغوی خاتون کو فوری طور پر بازیاب کروایا جائے، ملوث اغواء کاروں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے، ایس ایچ او باباکوٹ کو معطل کر کے واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کروائی جائے۔ مظاہرین نے انتباہ دیا کہ اگر ہمارے مطالبات پر فوری عمل درآمد نہ ہوا تو احتجاجاً قومی شاہراہ بلاک کر کے غیر معینہ مدت تک دھرنا دیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert