معروف بالی وڈ اداکار کو شوٹنگ کے دوران زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا، حالت تشویشناک


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی وڈ اور ہندی سنیما کے معروف اداکار راجیش شرما کو جنوبی بھارت کے سپر اسٹار پربھاس کی نئی آنے والی فلم کی شوٹنگ کے دوران زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا جس کے بعد ان کی حالت خراب ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کلکتہ کے ڈھاکوریا کے منی پال اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
اداکارہ سودیپا چٹرجی نے راجیش شرما کے اہلخانہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے ان کی بگڑتی ہوئی صحت کی تصدیق کی۔
اس نوٹ میں تحریر کیا گیا کہ یہ واقعہ حیدرآباد کی راموجی فلم سٹی میں پیش آیا جہاں پربھاس کی فلم کی شوٹنگ جاری تھی، پیک اپ کے بعد راجیش شرما گھنی جھاڑیوں کے قریب مقامی تکنیکی عملے کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے جب انہیں کسی کیڑے نے کاٹا، اس وقت انہوں نے اسے معمولی سمجھا اور فوری طبی امداد نہیں لی۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کے 6 گھنٹے بعد اداکار کی دائیں ٹانگ میں شدید درد شروع ہوا اور وہ حالت خراب ہونے کے باوجود کلکتہ کی فلائٹ میں سوار ہو گئے جہاں سفر کے دوران انہیں تیز بخار ہوگیا اور طبیعت مزید بگڑ گئی۔
اسپتال کے ڈاکٹر کے مطابق زہر کا انفیکشن راجیش شرما کے پیر کی انگلیوں سے لے کر گھٹنے تک پھیل چکا ہے اور ٹانگ پر بڑے بڑے چھالے بن گئے ہیں، انہیں سانس لینے میں بھی شدید دشواری کا سامنا ہے۔
ڈاکٹروں نے تشویش کا اظہار کیا ہے کہ انفیکشن کی وجہ سے ٹانگ میں خون کا لوتھڑا بن سکتا ہے جو اگر سفر کر کے پھیپھڑوں تک پہنچ گیا تو جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، راجیش شرما ابھی تک خطرے سے باہر نہیں ہیں۔

WhatsApp
Get Alert