دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے، قیام امن کے لیے ریاست کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے جمعرات کو دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے حکومتی غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ریاست آخری دہشت گرد کے خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کی بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
کوئٹہ میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردانہ حملوں کی حالیہ لہر، جس میں سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں، ریاست کے عزم کو ہرگز کمزور نہیں کر سکتی۔ انہوں نے شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بے گناہ شہریوں کی لازوال قربانیوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے حالیہ کارروائیوں کے دوران 54 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “فتنہ الخوارج” کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف مہم جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انہیں کامل یقین ہے کہ ان کی قربانیاں جلد ہی دہشت گردی کی حتمی شکست کا باعث بنیں گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دشمن عناصر، خاص طور پر پاکستان کا مشرقی ہمسایہ، دہشت گرد گروہوں کو مالی اور فوجی مدد فراہم کر رہا ہے، جبکہ عسکریت پسند افغان سرزمین سے بھی حملے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میں دیگر بیرونی عناصر بھی ملوث ہیں تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت دہشت گردی کو شکست دینے کے عزم پر مکمل طور پر متحد ہے اور اس ناسور کے خاتمے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن ملک کے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی وقار، سفارتی کامیابیوں اور حالیہ اسٹریٹجک کامیابیوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، لیکن ان کے مذموم عزائم کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی۔
اجلاس کے فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور حکومت بلوچستان کی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائیوں کو تیز کیا جائے اور صوبے سمیت ملک بھر میں امن کی بحالی کے لیے ہر دستیاب وسیلے کو بروئے کار لایا جائے۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ ان کی قربانیاں ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی راہ ہموار کریں گی۔
واضح رہے کہ اس اہم اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے شرکت کی۔
