عرفان خان کو لگتا تھا کہ میں انہیں چھوڑ دوں گی، اہلیہ کا انکشاف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سال 2020 میں انتقال کر جانے والے بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان کی 55 ویں سالگرہ کے موقع پر اہلیہ نے شادی کے حوالے سے چند انکشاف کیے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عرفان خان کی اہلیہ سوتاپا سکدار نے اسٹار کے ساتھ گزارے کچھ دل کو چھو لینے والے لمحات کی یادیں اُن کی 55 ویں سالگرہ کے موقع پر تازہ کیں۔
سوتاپا سکدار نے عرفان خان کے ساتھ اپنی شادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عرفان خان نے کبھی انہیں خاص محسوس نہیں کروایا کیونکہ وہ جانتے تھے کہ میں خاص ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عرفان خان میرے بغیر اپنی زندگی کا تصور بھی نہیں کر سکتے تھے ۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ شادی کو مدت گزرنے کے بعد بھی اداکار کو لگتا تھا کہ میں بور ہو کر انہیں چھوڑ دوں گی۔عرفان خان کی اہلیہ نے بتایا کہ شادی کے آغاز میں ہم دونوں میں ہی بہت خامیاں تھیں لیکن بالآخر ہماری خامیوں پر ہمارا اتحاد ہی ہمیشہ جیتا۔
یاد رہے کہ سال 2018 میں عرفان خان میں موذی مرض کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ورسٹائل اداکار عرفان خان اپریل 2020 میں 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کرگئے تھے۔