موجودہ صورتحال مزید ناقابلِ برداشت، مطالبات منظور نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے، عبدالرحیم زیارتوال
چمن سے ژوب تک دھرنوں کی تیاری، کوئٹہ میں مزید پانچ مقامات پر بھی احتجاج کا امکان حکومت سنجیدہ مذاکرات کرے، تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد آئندہ لائحہ عمل کا اعلان ہوگا

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ بلوچستان کی موجودہ صورتحال مزید ناقابلِ برداشت ہو چکی ہے، اگر حکومت نے سنجیدہ اور بامقصد مذاکرات نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات کوئٹہ کے علاقے کوئلہ پھاٹک پر سانحہ زیارت کے شہدا کے لواحقین کے جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ حکومت مذاکرات کے معاملے میں سنجیدہ دکھائی نہیں دے رہی، جس کی وجہ سے عوام میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات پر پیش رفت نہ ہوئی تو چمن سے ژوب تک مختلف اضلاع میں احتجاجی دھرنے شروع کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو کوئٹہ شہر میں بھی مزید پانچ مقامات پر دھرنے دیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا باقاعدہ اعلان تمام سیاسی جماعتوں اور متعلقہ حلقوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور بامقصد مذاکرات کا راستہ اختیار کرے تاکہ صورتحال مزید خراب ہونے سے بچ سکے۔
