وزیراعظم کا دورہ کوئٹہ ناکام رہا، دھرنا متاثرین سے ملاقات کے بغیر واپسی بے بسی کا ثبوت ہے؛ راحب خان بلیدی


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)بلوچستان بار کونسل کے سابق وائس چیئرمین اور ممبر بلوچستان بار کونسل راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ نے وزیراعظم پاکستان کے دورہ کوئٹہ اور دھرنا متاثرین سے ملاقات کیے بغیر واپس چلے جانے کو وزیراعظم کی بے بسی کی عکاسی قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ بلوچستان اور صوبے کی مخدوش صورتحال پر ان کی خاموشی باعثِ افسوس ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں اور ان رہنماؤں کو بلوچستان کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، انہیں صرف بلوچستان کے وسائل پر قبضہ چاہیے۔
راحب خان بلیدی نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے بلوچستان کے مسائل روز بروز بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک بے اختیار وزیراعظم جو متاثرین سے تعزیت تک نہیں کرسکتا، وہ بلوچستان کے گھمبیر مسائل کیسے حل کرسکتا ہے؟ وزیراعظم کا دورہ بلوچستان صرف قومی وسائل کے ضیاع کے علاوہ کچھ نہیں تھا اور یہ ایک مکمل ناکام دورہ ثابت ہوا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دھرنا متاثرین اپنے مسائل کے حل اور علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے سراپا احتجاج ہیں اور دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان بار کونسل دھرنا متاثرین کے ساتھ ان کے اس مشکل وقت میں مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert