پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس کا مشترکہ “آپریشن شعبان” بھرپور انداز میں جاری ، مجموعی طور پر 75 دہشتگرد واصل جہنم


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر ہونے والے دہشتگرد حملے کے بعد پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور بلوچستان پولیس کی جانب سے مشترکہ “آپریشن شعبان” بھرپور انداز میں جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا ہے اور زمینی و فضائی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 6 اور 7 جولائی کو ہونے والی کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کے 26 دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے تھے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 دہشتگرد مارے گئے ہیں۔ اس طرح صرف آپریشن شبعان میں ہلاک دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 39 ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آج صبح خضدار کے علاقے زیدی میں دہشتگردوں نے ایک پولیس اسٹیشن پر حملے کی کوشش کی، تاہم پاک فوج اور ایف سی کے دستوں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ کارروائی میں 8 دہشتگردوں کی ہلاکت کی مصدقہ اطلاعات ہیں، جبکہ ہیلی کاپٹر آپریشنز کے دوران مزید 5 سے 6 دہشتگرد مارے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کے دوران مجموعی طور پر 75 دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جبکہ علاقے میں دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔

WhatsApp
Get Alert