زیارت کے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے لیے فی کس ایک کروڑ 11 لاکھ روپے معاوضے کے ریلیز آرڈرز جاری؛ شاہد رند


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر زیارت میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ گیارہ لاکھ روپے معاوضے کی ادائیگی کے ریلیز آرڈرز جاری کر دیے گئے ہیں۔


معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر معاوضوں کی ادائیگی کے لیے تمام انتظامی اور مالی کارروائی انتہائی تیز رفتاری سے مکمل کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام شہداء کے لواحقین کو ان کی دہلیز پر معاوضے کی ادائیگی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔


شاہد رند نے مزید بتایا کہ حکومت بلوچستان شہداء کے خاندانوں کی کفالت، اہل خانہ کی فلاح و بہبود اور شہداء کے بچوں کے تمام تعلیمی اخراجات بھی خود برداشت کرے گی۔


معاون وزیر اعلیٰ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مالی معاوضہ کسی بھی صورت انسانی جانوں کا نعم البدل نہیں ہو سکتا، تاہم حکومت بلوچستان مشکل کی اس گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert