بلاول بھٹو ملک اور عوام کو مشکلات سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،شازیہ مری

کراچی (قدرت روزنامہ)ترجمان پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو ملک اور عوام کو مشکلات سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اپنے جاری کردہ بیان میں پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا کہ 27 فروری کو قوم بلاول بھٹو زرداری کے ہم قدم ہوگی۔شازیہ مری نے کہا کہ نالائق اور نا اہل وزیراعظم نے عوام کی زندگی مشکل بناکر رکھی ہے، ملک کو مزید تباہی سے بچانے کیلئے تباہی خان کو اقتدار سے نکالنا ہوگا
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری ملک اور عوام کو مشکلات سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، نوجوان مایوس نہ ہوں بی بی شہید کا بیٹا ان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کا ہر کارڈ جھوٹا اور دھوکا ہے، نامنہاد صحت کارڈ سے مہنگی ادویات نہیں ملتی۔انہوں نے مزید کہا کہ غریب خواتین کو آج بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے پیسے ملتے ہیں۔
کچھ دن پہلے دیے اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا تھا کہ دن بدن بڑھتی ہوئی مہنگائی نے لوگوں کا جینا مشکل کر دیا ہے۔شازیہ مری نے بول نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں صرف لانگ مارچ ہو گا یا دھرنا فیصلہ آئندہ دنوں میں ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ دن بدن بڑھتی ہوئی مہنگائی نے لوگوں کا جینا مشکل کر دیا ہے، اس وقت ایک دن بھی رکنا عوام کے ساتھ زیادتی ہو گی۔