برطانیہ میں مسلسل تیسرے سال بچوں کا نام ”محمد” سرفہرست


لندن(قدرت روزنامہ)برطانیہ میں نوزائیدہ بچوں کے ناموں سے متعلق تازہ اعداد و شمار کے مطابق ’محمد‘ مسلسل تیسرے سال بھی لڑکوں کے لیے سب سے زیادہ رکھا جانے والا نام بن گیا ہے، جس نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھتے ہوئے مقبولیت کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔
انگلینڈ اور ویلز میں 2025 کے دوران تقریباً 6 ہزار نومولود لڑکوں کا نام محمد رکھا گیا، جو دوسرے نمبر پر موجود نام ’نوح‘ کے مقابلے میں تقریباً 2 ہزار زیادہ ہے۔ گزشتہ سال دونوں ناموں کے درمیان یہ فرق 1,580 تھا، جو اب مزید بڑھ گیا ہے۔
اس سال مقبول لڑکوں کے ناموں کی فہرست میں بھی دلچسپ تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔ ’لیو‘ اور ’لوکا‘ نے نمایاں پیش رفت کرتے ہوئے بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کر لی، جبکہ ’آرتھر‘، ’اولیور‘ اور ’جارج‘ درجہ بندی میں پیچھے چلے گئے۔
دوسری جانب لڑکیوں کے ناموں میں ’اولیویا‘ نے ایک بار پھر سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔ اس کے بعد ’لِلی‘، ’امیلیا‘، ’اسلا‘ اور ’فلورنس‘ سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے نام رہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ’محمد‘ 2016 سے مسلسل ٹاپ 10 مقبول ترین لڑکوں کے ناموں میں شامل ہے، جبکہ 1997 میں پہلی بار ٹاپ 100 کی فہرست میں جگہ بنانے کے بعد اس کی مقبولیت مسلسل بڑھتی رہی۔ ماہرین اس رجحان کی ایک بڑی وجہ برطانیہ میں مسلم آبادی میں اضافہ قرار دیتے ہیں، جہاں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 40 لاکھ، یعنی مجموعی آبادی کا لگ بھگ 6 فیصد ہے۔
یاد رہے کہ 2023 میں ’نوح‘ دوسرے جبکہ ’اولیور‘ تیسرے نمبر پر تھا، جبکہ لڑکیوں کے ناموں میں ’اولیویا‘ اور ’امیلیا‘ مسلسل نمایاں رہے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ’اولیویا‘ 2006 سے ہر سال مقبول ترین تین لڑکیوں کے ناموں میں شامل ہے، اور 2024 میں 2,761 بچیوں کا نام اولیویا رکھا گیا تھا۔

WhatsApp
Get Alert