عوام کے لیے بڑی خوشخبری ! لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی کے لیے ورلڈ بینک کا کروڑوں ڈالر کا فنڈ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ورلڈ بینک نے پاکستان کیلئے 375.9 ملین ڈالر کے گرڈ اسٹیبلٹی منصوبے کی منظوری دے دی ، جس سے لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی لانے اور بجلی کے مجموعی نظام کی کارکردگی کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے توانائی کے شعبے کے لیے ایک بڑی اور مثبت پیش رفت سامنے آئی۔
ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے 375.9 ملین ڈالر مالیت کے ‘گرڈ اسٹیبلٹی اینڈ ایفیشینسی امپروومنٹ پراجیکٹ’ کی منظوری دے دی ہے۔
عالمی بینک کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد پاکستان کے قومی بجلی ترسیلی نظام (نیشنل گرڈ) کو جدید، محفوظ اور مستحکم بنانا ہے۔
یہ منصوبہ عالمی بینک کے 10 سالہ طویل المدتی “بیسٹ پاکستان پروگرام” کے پہلے مرحلے کا حصہ ہے، جس سے ملک میں بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے، لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی لانے اور بجلی کے مجموعی نظام کی کارکردگی کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔
اعلامیے میں کہنا تھا کہ اس منصوبے کے تحت پاکستان کے بجلی کے بنیادی ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں لائی جائیں گی۔
جس میں ملک کے 3 بڑے 500 کے وی گرڈ اسٹیشنز پر جدید ترین ‘اسٹیٹ کام’ سسٹم نصب کیے جائیں گے جو وولٹیج اور گرڈ کی پائیداری کو برقرار رکھیں گے۔
اس منصوبے کے ذریعے جھمپیر اور دیگر علاقوں میں 640 میگاواٹ کی رکی ہوئی ونڈ پاور (ہوا سے پیدا ہونے والی بجلی) کو بالاآخر قومی گرڈ میں شامل کیا جا سکے گا جبکہ جنوبی پاکستان میں پیدا ہونے والی 1840 میگاواٹ ونڈ پاور کی ملک بھر میں مکمل اور بلا تعطل ترسیل کو ممکن بنایا جائے گا۔
نجی شعبے کے 491 میگاواٹ کے نئے قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کو بھی نیشنل گرڈ سے منسلک کیا جائے گا۔
ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ گرین انرجی کے فروغ سے پاکستان میں سالانہ تقریباً 8 لاکھ 32 ہزار 500 ٹن کاربن کے اخراج میں کمی متوقع ہے، جو ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ میں معاون ثابت ہوگی۔
جدید ٹرانسمیشن نظام کے باعث لائن لاسز کم ہوں گے، جس سے توانائی کی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی اور ملکی معیشت کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
حکومتِ پاکستان کی جانب سے بجلی کے ترسیلی شعبے میں جاری اصلاحات اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنیکی تنظیمِ نو کے عمل کو اس منصوبے سے مزید تقویت ملے گی۔
مزید برآں نئے تیار ہونے والے گرڈ انفراسٹرکچر کو شدید گرمی، ہیٹ ویو اور سیلاب جیسے موسمیاتی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بجلی کا نظام معطل نہ ہو۔
