نوکنڈی تا تفتان شاہراہ پر رات کے اوقات میں گشت مزید مؤثر؛ عوام رات 10 بجے کے بعد غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ایف سی

نوکنڈی(ڈیلی قدرت نیوز)ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) تفتان رائفلز کی جانب سے امن و امان کے قیام، دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے سدباب اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے نوکنڈی تا تفتان شاہراہ پر رات کے اوقات میں گشت اور نگرانی کے اقدامات مزید مؤثر بنا دیے گئے ہیں۔ ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) تفتان رائفلز نوکنڈی کے عوام کی جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے شب و روز کوشاں ہے۔
اسی مقصد کے تحت نوکنڈی تا تفتان شاہراہ اور حساس مقامات پر مسلسل گشت جاری ہے تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔ شہریوں، بالخصوص نوکنڈی کے مکینوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بلا ضرورت رات 10 بجے کے بعد گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور غیر ضروری طور پر نوکنڈی تا تفتان شاہراہ پر سفر نہ کریں۔
عوام سے گزارش ہے کہ دوران گشت سیکیورٹی اہلکاروں سے مکمل تعاون کریں، چیکنگ کے عمل میں سہولت فراہم کریں اور کسی بھی مشکوک شخص، گاڑی یا سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ سیکیورٹی اداروں کو دیں کیونکہ یہ تمام اقدامات صرف اور صرف عوام کی حفاظت، امن و امان کے استحکام اور شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا تعاون سیکیورٹی فورسز کے لیے انتہائی اہم ہے اور باہمی تعاون سے ہی علاقے میں دیرپا امن کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
